امریکہ کے اثر ور سوخ کودوبارہ خطے میں لایا جا رہا ہے،مراد سعید

Aug 11, 2022 | 00:51

ویب ڈیسک

تحریک انصاف والے امن کے داعی ہیں اور قوم نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ وہ امن چاہتی ہے،پریس کانفرنس

پی ٹی آئی رہنما مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف امن کے داعی ہیں اور قوم نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ وہ امن چاہتی ہے، امریکہ کے اثر ور سوخ کودوبارہ خطے میں لایا جا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔  سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے گندے کھیل میں نہ گھسیٹا جائے کیونکہ آگ کو بجھانا مشکل اور بھڑکانا بہت آسان ہوتا ہے ۔  امپورٹڈ حکومت امریکہ سہولت کار، آلہ کار ہیں لیکن ہم قوم کو کسی کی جنگ کا ایندھن نہیں بننے دیں گے ۔  ہم نے ڈرون حملوں کی اجازت نہیں دی بلکہ ہم نے امن، بہترین معیشت اور لوگوں کو زندگیاں دی ہیں اور قوم اب امن چاہتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ  موجودہ حکومت کا گیم ایکسپوز ہوگیا ہے، امریکا کی غلامی کرنی تھی، کرلی لیکن ہمارا مطالبہ ہے کہ ہماری جانوں کے نہیں کھیلا جائے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ رجیم تبدیل کرنے کا آپریشن ہوا کیونکہ عمران خان نے ڈرون حملے نہیں ہونے دیئے، عمران خان کے دور میں ایک بھی دہشتگردی کا واقعہ پیش نہیں آیا لیکن امریکہ کے اثر ور سوخ دوبارہ خطے میں لایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نائن الیون میں کوئی بھی پاکستانی ملوث نہیں تھا لیکن پھر بھی وزیرستان،  باجوڑ، کرم ایجنسی میں 80 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا گیا جس کے سالوں بعد سوات کا امن بحال ہوا تھا۔ مراد سعید نے کہا کہ 2013 سے پہلے سوات دیکھا ہوگا آج سوات دیکھیں، وہاں کے لوگوں میں خوف تھا کاروبار ختم ہوگئے تھے لیکن آج سب کچھ دوبارہ بحال ہوگیا ہے اور میں نے اپنے ہاتھوں سے سوات بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے مستقبل میں ہمارے ساتھ کرنے کیا جارہے ہیں لیکن وزارت داخلہ لوگوں کو گرفتار کرنے اور وزارت دفاع جگتیں مارنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ 17،17 پریس کانفرنس ہوتے ہیں کسی نے ہماری مستقبل کے بارے میں بات نہیں کی ، ہمیں ہمارا موقف میڈیا کے سامنے بھی نہیں لانے دیا جا رہا  ہے۔

مزیدخبریں