مہنگی بجلی،جماعت اسلامی ملک گیر تحریک کا آغاز کریگی:امیرالعظیم


لاہور(خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ بجلی کے ٹیرف میں غیر معمولی اضافہ اور بلوں میں طرح طرح کے ٹیکسز شامل کرنے کے خلاف جماعت اسلامی جمعہ سے ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی۔ عوام پر ظلم کے خلاف تمام بڑے چھوٹے شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ حکومت صارفین سے بجلی کی اصل قیمت وصول کرے، عوام ٹیکسز کی صورت میں بلوں میں شامل 60 فیصد تاوان مزید نہیں بھریں گے۔ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کے دبائو پر غریب عوام کو قربانی کا بکرا بنانے کا آزمودہ نسخہ اب کارگر نہیں ہو گا۔ غریبوں کو نشانہ بنانے کی بجائے حکمران اور مراعات یافتہ طبقہ اپنے اثاثے اور لوٹی ہوئی دولت ملک میں واپس لائے۔ احتجاجی تحریک کا مرکزی جلسہ پشاور قصہ خوانی بازار میں ہو گا جس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق خطاب کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں میں بھی مظاہرے ہوںگے جن میں مہنگائی اور بے روزگاری سے ستائے عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ جماعت اسلامی اسلام آباد میں 15اگست کو جب کہ لاہور میں لیسکو ہیڈکوارٹر کے سامنے 17اگست کو احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حق کیلئے آواز بلند کرے اور تحریک کا حصہ بنے۔

ای پیپر دی نیشن