لاڑکانہ/ مرید شاخ(بیورورپورٹ/ نامہ نگاران) اندرون سندھ کرنٹ لگنے اور ڈوبنے کے واقعات میں4 افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے قریب رتوکوٹ میں مچھلی کے تالاب میں نہاتے ہوئے 10 سالہ بچہ شعیب ولد مولابخش جاگیرانی ڈوب کر بیہوش ہوگیا جسے ورثاء کی جانب سے بیہوشی کی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کے موت کی تصدیق کی، ورثا کے مطابق بچہ گاؤں کے قریبی مچھلی کے تالاب میں دیگر بچوں کے ہمراہ نہانے گیا جہاں وہ ڈوب کر جان بحق ہوئے ہیں، دوسری جانب متوفی بچے کی نعش ضروری کاروائی کے بعد ورثہ کے حوالے کردی گئی جبکہ نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔دوسری جانب لاڑکانہ شہر کے مسن محلہ میں بجلی کرنٹ لگنے کے باعث نوجوان نعیم ولد علی حسن جوکھیو جھلس کر شدید زخمی ہو گیا تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کردیا تھاجہاں وہ زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ لاڑکانہ شہر کے تھانہ سچل کی حدود وگن روڈ پر نامعلوم شخص کی نعش دیکھ کر علاقہ مکینوں نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے پہنچ کر نعش چانڈکا اسپتال منتقل کردی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد شناخت نہ ہونے پر نعش ایدھی رضاکاروں کے حوالے کردی گئی جن کی جانب سے نعش کو لاوارث قرار دے کر غسل اور کفن دینے کے بعد شہر کے قریب دودائی قبرستان میں دفنادیا گیا۔مریدشاخ سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گاؤں عبدالحکیم مزاری کی رہائشی 7 سالہ بچی رینی کینال میں ڈوب گئی۔ تفصیلات کے مطابق مریدشاخ کے نواحی گاؤں عبدالحکیم مزاری کے رہائشی گل گھنور مزاری کی 7 سالہ بچی گھر کے قریب کھیلتے ہوئے اچانک پاؤں پھسلنے سے رینی کینال میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی جس کی لاش اپنے مدد آپ کے تحت 3 گھنٹے بعد نکالی گئی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔