ملتان،کوٹلی نجابت (سپیشل رپورٹر،نمائندہ نوائے وقت) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی اور صدر جنوبی پنجاب تسنیم سرور نے 10 محرم الحرام یوم عاشور کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی جدوجہد ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے محرم الحرام ہمیں قربانی اور حق و سچ پر کھڑے رہنے کا درس دیتا ہے ،اس ماہ کے دوران تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام و مشائخ عظام کو بھائی چارے ، مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خاندان نبوت اور حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کا صبر ، جرات واستقامت اور حق کے لئے ہر باطل قوت سے ٹکرا جانا ایک ایسا کردار ہے جس نے تاریخ میں امت مسلمہ اور ایمانی جذبوں کو زندہ جاوید کر دیا ہے۔ معرکہ کربلا حق و باطل کی کشمکش جو آج بھی جاری ہے۔ آج جب وطن عزیز بیرونی دباؤ کا شکار ہے اور چاروں طرف سے دشمن قوتوں کے گھیرے میں ہے ان حالات میں ہمارا فرض ہے کہ داخلی طور پر رواداری اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کیا جائے اور امت میں انتشار پھیلانے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا جائے۔