لاہور(سپورٹس ڈیسک)امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ووگ میگزین کیلئے کالم تحریر کرتے ہوئے ٹینس سٹار نے اعلان کیا کہ وہ اس سال کے یو ایس اوپن کے بعد ریٹائر ہوجائیں گی۔میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ ٹینس چھوڑ کر میں اپنے لیے زیادہ ضروری چیزوں کی جانب بڑھنا چاہتی ہوں ۔
اس بات کا تصور کرنا ہی میرے لیے بہت مشکل تھا، میں کھیل کو چھوڑنا نہیں چاہتی تھی مگر میں اب اپنے خاندان اور کاروبار پر توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہوں ۔ وہ فوری طور پر ریٹائر نہیں ہورہی بلکہ اگست میں شیڈول یو ایس اوپن کھیلنے کیلئے پرامید ہیں جبکہ وہ اگلے ہفتے ویسٹرن اینڈ سدرن اوپن کا بھی حصہ بننا چاہتی ہیں۔سرینا ولیمز اب اپنے شوہر اور 5 سالہ بیٹی کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتی ہیں، جبکہ ایک اور بچے کی خواہشمند بھی ہیں۔40سالہ سرینا ولیمز نے کیرئیر کے دوران 23 گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتے اور مارگریٹ کورٹ کے آل ٹائم 24 گرینڈ سلیم ٹائٹل کے ریکارڈ سے ایک قدم دور ہیں۔ مگر انہوں نے 2017 کے آسٹریلین اوپن کے بعد کوئی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ نہیں جیتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جھوٹ ہوگا اگر میں یہ کہوں کہ میں یہ ریکارڈ برابر کرنا نہیں چاہتی، یقینا میں ایسا چاہتی ہوں، مگر مجھے اب اس کی فکر نہیں ۔۔سرینا ولیمز نے کیرئیر کے دوران ومبلڈن کو 7 بار، آسٹریلین اوپن کو 7 بار، یو ایس اوپن کو 6 بار جیتا جبکہ 2012 کے اولمپک میں گولڈ میڈل بھی اپنے نام کیا۔