لاہور+گوجرانوالہ(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ خصوصی)کامن ویلتھ گیمز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے قومی ہیروز سلور میڈلسٹ زمان انور، محمد شریف طاہر اور برانز میڈلسٹ اسد علی کا پاکستان پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا ۔ ڈی جی سپورٹس کرنل ریٹائرڈ محمد آصف زمان نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔ کامن ویلتھ میڈلسٹ کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔اس موقع پر کرنل ریٹائرڈ محمد آصف زمان نے کہا کہ اپنے قومی ہیروز کو خوش آمدید کہتے ہیں، ارشد ندیم، نوح دستگیر بٹ اور دیگر میڈلسٹ کا بھی وطن واپسی پر خود آکر استقبال کروں گا۔ کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب اور انعامات سے نوازیں گے، گولڈ میڈلسٹ کو 50 لاکھ، سلور کو 20 اور برانز میڈلسٹ کو 10 لاکھ روپے انعام دے رہے ہیں۔قومی ریسلرز نے وطن واپسی پر استقبال پر خوشی کا اظہار کیا۔ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نصف صدی کی بہترین کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوا،مجموعی طورپر 2گولڈ سمیت 8میڈلز اپنے نام کیے۔برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں مجموعی طورپر 68 اتھلیٹس نے 12 مختلف کھیلوں میں شرکت کی اور2گولڈ سمیت 8میڈلز حاصل کیے۔ کامن ویلتھ گیمز میں 125کلو گرام کیٹیگری کے ریسلنگ مقابلوں میں سلور میڈل جیتنے والے ریسلر زمان عرف جانی پہلوان اپنے آبائی شہر گوجرانوالہ پہنچ گئے ۔57 کیٹگری مقابلوں میں برائونز میڈل جیتنے والے ریسلر اسد علی بھی ہمراہ تھے۔ زمان عرف جانی پہلوان کے اہل خانہ اور شہریوں نے قومی ہیروز کا پرتپاک استقبال کیا۔ زمان پہلوان کے دوستوں عزیز و اقارب سمیت محلہ داروں کی بڑی تعداد نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ ریسلر زمان عرف جانی پہلوان نے گھر پہنچ کر میڈل والدہ کے گلے میں ڈال دیا۔ والدہ نے جذباتی انداز میں ریسلر زمان کو گلے لگایا اور پیار کیا اہل علاقہ کی بڑی تعداد زمان کو مبارک دینے گھر پہنچتی رہی زمان عرف جانی پہلوان 125 کلو گرام کا فائنل مقابلے میں حریف سے شکست کھا گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جتنے وسائل تھے اس کے مطابق ٹریننگ کی ہے۔ اگر جدید ٹریننگ میسر آتی تو گولڈ میڈل جیت سکتے تھے۔ اگر جدید ٹریننگ کے مواقع میسر آئے تو مستقبل میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیت سکتے ہیں۔
ز مان انور، محمد شریف طاہر‘ اسد علی کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے ‘، ارشد ندیم، نوح دستگیر بٹ‘ دیگر میڈلسٹ کابھی خود استقبال کرونگا: آصف زمان
Aug 11, 2022