محاصرے ، تلاشی کارروائیاں جاری ، پابندی کے باوجود یوم عاشور منایا گیا 

Aug 11, 2022

 سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی سخت پابندیوںکے باوجود یوم عاشورہ منایا گیا ۔ قابض حکام نے لوگوں کو عاشورہ کے روایتی جلوس نکالنے سے روکنے کے لئے سرینگر اور دیگر علاقوں میں سخت پابندیاں عائد کر دی تھیںقابض حکام کو خوف تھا کہ یہ جلوس بھارت مخالف مظاہروں میں تبدیل ہو جائیں گے۔ بڈگام، گاندربل، بارہمولہ، بانڈی پورہ،پلوامہ ، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں امام بارگاہوں کے احاطوں میں محرم الحرام کے چھوٹے چھوٹے جلوس نکالے گئے۔ دوسری جانب بھارتی فوج نے ضلع بڈگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ بھارتی فوج اور پیراملٹری فورسز کے اہلکاروں نے ضلع کے علاقے و ترہیل کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں نے اپنے مطالبات کے حق میں بار کے صدر ایم کے بھردواج کی قیادت میں ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس جموں میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بار کے ارکان نے ہائی کورٹ، ڈسٹرکٹ کورٹس، ٹربیونلز اور کمیشن سمیت تمام عدالتوں میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔ بھارتی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے خلاف کریک ڈائون تیز کر دیا ہے۔ جموں اور ڈوڈہ اضلاع سمیت کئی اضلاع میں جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے رہنمائوں ا ور کارکنوں کے گھروں اور دفاتر پر چھاپے مارے۔ 

مزیدخبریں