کوئٹہ +خضدار+ ڈیرہ اسماعیل خان + اسلام آباد+پشاور ( بیورو رپورٹ +خبر نگار خصوصی ، نوائے وقت رپورٹ) صوبہ بلوچستان کے شہر خضدار میں قومی پرچم فروخت کرنے والے سٹال پر دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔ خضدار کے آزادی چوک پر یوم آزادی کی مناسبت سے لگائے گئے سٹال پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا جس میں ایک شخص جاں بحق اور خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔ خاتون سمیت واقعے میں زخمی ہونے والے بقیہ پانچوں افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے خضدار بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور واقعے میں ملوث عناصر کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے خضدار سمیت صوبہ بھر میں حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس وین پر بم حملے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈی آئی خان کی تحصیل کلاچی میں ریموٹ کنٹرول بم سے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ بارودی مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔ دوسری جانب کڑی ملنگ کے قریب سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے فورسز پرفائرنگ کردی۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی جگہ سے شواہد اکھٹے کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔پشاور کے علاقے ریگی ماڈل ٹاؤن میں پولیس موبائل پرفائرنگ کے نتیجے میں ایک اے ایس آئی شہید ہوگیا۔پولیس کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سوارملزمان پولیس موبائل پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔