اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ جس طرح پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ٹرولرز نے اداروں کے خلاف نفرت انگیز ٹرینڈ چلائے، کیا شہداء کے خاندان یہ بھول پائیں گے؟۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پچھلے چار مہینوں میں پوری قوم نے دیکھا کہ عمران نیازی نے اداروں کی قیادت کے خلاف کس طرح کے القابات استعمال کئے، ان کے سوشل میڈیا ٹرولرز نے افواج کے خلاف نفرت سے بھرپور ٹرینڈ چلائے۔ انہوں نے کہا کہ کیا شہداء کے خاندان یہ سب بھول جائیں گے؟۔ نیازی خود کو بے وقوف بنا سکتے ہیں، قوم کو نہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں اٹلی سے تعاون میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں اٹلی کے سفیر اینڈریس فراریز نے وزیراعظم شہبازشریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے دو طرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں اٹلی کو پاکستان کا قریبی دوست اور قابل اعتماد شراکت دار قرار دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پرامن یوم عاشورہ پر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزارت داخلہ، صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ عاشورہ پرامن ماحول میں منعقد ہوا اور کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس دن رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے نوجوانوں کی بھی تحسین کرتا ہوں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ پونے چار سال کے دوران بجلی کے منصوبوں کی تعمیر میں تعطل سے متعلق انکوائری کمشن کی رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں درآمدی ایندھن سے مہنگی بجلی کی بجائے لوگوں کو سولر کا متبادل دیا جائے گا، شمسی توانائی سے نہ صرف مہنگے درآمدی ایندھن کا بل کم ہوگا بلکہ کم لاگت، ماحول دوست بجلی پیدا ہوگی۔ وزیرِ اعظم نے بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں وصول کئے جانے والی رقم کے حوالے سے بھی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ سولر سسٹم کی فراہمی کے دوران بلوچستان کو خصوصی ترجیح دی جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت آئندہ کچھ ماہ میں 14000 میگاواٹ کے سولرائزیشن کے منصوبوں کا اجرا کرے گی۔ منصوبوں میں سولر سسٹم نہ صرف رعایتی قیمتوں پر دئیے جائیں گے بلکہ ان پر ٹیکس کی مد میں بھی مراعات دی جائیں گی۔ اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام امن اور رواداری کا مذہب ہے۔ حکومت نے 11 اگست کو سرکاری سطح پر شاندار طریقے سے قومی اقلیتی دن کے طور پر منانے فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اقلیتوں کی بہتری اور ہماری قومی ترقی کی کوششوں اور جدوجہد میں ان کی مکمل شمولیت کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھنے، وسائل کو بروئے کار لانے اور انہیں مزید وسعت دینے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔ میں اس موقع پر تمام اقلیتی برادریوں کے اپنے بھائیوں سے بھی اپیل کروں گا کہ وہ رواداری اور باہمی اتفاق کی فضا کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ پاکستان بلا کسی ذات پات، رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے ہم سب کا ہے اور ہم سب نے مل کر ہی اسکی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف سے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل والی خان نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے ایم ولی خان نے بدھ کو اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔
عمران نیازی نے اداروں کے خلاف القابات استعمال کئے ، قوم کو بیوقوف نہیں بناسکتے : شہباز شریف
Aug 11, 2022