شمالی وزیرستان ، فوجی قافلے پر خودکش حملہ ، 4 جوان ، جمرود میں ایف سی اہلکار شہید 

پشاور‘ جمرود (بیورو رپورٹ‘ نامہ نگار‘ آئی این پی) شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فوجی قافلے پر خودکش حملے کے نتیجے میں 4 فوجی شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فوجی قافلے پر خودکش حملہ ہوا ہے، خود کش حملے میں 4 فوجی شہید ہوگئے، شہداء میں مانسہرہ کے 22 سالہ لانس نائیک شاہ زیب، غذر کے 26 سالہ لانس نائیک سجاد، کوہاٹ کے 25 سالہ سپاہی عمیر اور نارووال کے 30 سالہ سپاہی خرم شامل ہیں۔ حساس اداروں نے خودکش حملہ آور اور اس کے سہولت کاروں کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دریں اثناء جمرود میںجمرود گودر ایف سی چیک پوسٹ پر رات گئے شدت پسندوں نے ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی فورسز اہلکار شہید جبکہ چار اہلکار زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق شدت پسند حملہ آوروں نے تقریباً رات گئے 12بجے کے قریب جمرود گودر ایف سی چیک پوسٹ پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کر دیا۔ اس دوران شدید اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کی نتیجے میں پانچ سکیورٹی فورسز اہلکار زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122کی میڈیکل ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ لیکن شدید فائرنگ کی باعث زخمیوں تک نہ پہنچ سکیں۔ بعد ازاں ریسکیو 1122میڈیکل ٹیم نے مجروحین کو فوری طبی امداد فراہم کر کے ہسپتال منتقل کر دیا۔ جہاں پر ایک سکیورٹی فورسز اہلکار سپاہی شاہ زمان جانبر نہ ہو سکا اور جام ِ شہادت نوش کیا۔ جبکہ لانس نائیک سلیم خان کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ دیگر تین اہلکاروں سپاہی سجاد علی، نائیک زاہد اللہ، سپاہی صفدر کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ شدت پسند رات کی تاریکی کا فائدہ اُٹھاتے ہو ئے فرار ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز اور پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ دوسری جانب سیاسی و سماجی حلقوں نے امن و امان کی خراب صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔  تاحال کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے قافلے پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے چار بہادر جوانوں کی شہادت پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے ملک کو دہشت گردی کی لعنت اور اس کے تمام مظاہر سے نجات دلانے کے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے محرم الحرام کے مقدس مہینے میں مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں خودکش بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔ بلاول ہائوس میڈیا سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے خودکش بم حملے میں شہید ہونے والے لانس نائیک شاہ زیب اور سجاد کے ورثا سے اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے خودکش بم دھماکے میں شہید ہونے والے سپاہیوں عمیر اور خرم کے لواحقین سے بھی افسوس کا اظہارکیا اور کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے ایک ایک دہشت گرد کو کیفرکردار تک پہنچانا ہوگا۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں فوج کے جوانوں پر خودکش حملے کی مذمت کی ہے ۔ اپنے بیان میں سابق صدر نے فوج کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ فوج کے جوانوں پر حملہ کرنے والے دہشت گرد ناقابل معافی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن