لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے دو باکسر سلمان بلوچ اور نذیر اللہ انگلینڈ میں لاپتہ ہوگئے، کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے بعد دونوں باکسرز کوگزشتہ روز وطن واپس آنا تھا۔باکسنگ ٹیم برطانیہ سے دونوں باکسرز کو لیے بغیر وطن واپسی کیلئے روانہ ہوگئی۔ذرائع کے مطابق دونوں باکسرز کی دستاویزات ٹیم مینجمنٹ کے پاس ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی انتظامیہ نے اس سلسلے میں برطانوی حکومت سے رابطہ کرلیا ہے۔کامن ویلتھ گیمز سے پاکستانی باکسرز کی گمشدگی کے معاملے پر پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے 4 رکنی کمیٹی بنادی۔تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ہینڈبال فیڈریشن کے صدر محمد شفیق ہوں گے جبکہ دیگر ارکان میں آرمی سپورٹس بورڈ کے سیکرٹری کرنل صدف اکرم، باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل ناصر تونگ اور سپورٹس بورڈ کے نمائندہ بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق باکسر سلیمان بلوچ اور نذیر اللہ خان دستے کے ساتھ نہیں ہیں، باکسنگ سکواڈ کی وطن واپسی کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع ہوں گی۔دونوں گمشدہ باکسر کی ساتھیوں سے آخری ملاقات گزشتہ صبح ناشتے پر ہوئی تھی، دن 12 بجے ایئر پورٹ روانگی کے لیے پلیئرز نے کوچ کو رپورٹ نہیں کیا۔ذرائع کے مطابق روانگی میں تاخیر پر کمروں کا دروازہ توڑا گیا، دونوں باکسرز کا سامان موجود تھا لیکن وہ غائب تھے۔کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی دستے کا حصہ رہنے والے سلمان بلوچ اور نذیر اللہ کے بغیر پاکستانی کھلاڑی وطن کیلئے روانہ ہوگئے ہیں، باکسرز کے سفری کاغذات فیڈریشن کے پاس ہیں، اس حوالے سے پی او اے نے برطانوی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔
کامن ویلتھ گیمز: پاکستان کے 2 باکسرز لاپتہ‘انگلینڈ حکومت سے رابطہ
Aug 11, 2022