پاکستان امن پسند اور اقلیت دوست ملک ہے: وزیر مذہبی امور

اسلام آباد (نامہ نگار) اقلیتوں کے دن کے موقع پر وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلام انسانیت کا احترام کرنے والا مذہب ہے۔ اسلام کی ابدی تعلیم کے مطابق، انسانیت کے بنیادی اصولوں کے خلاف کوئی قاعدہ ضابطہ نہیں ہے۔ معاشرے کے بڑے طبقات کی طرح اقلیتوں کو بھی پاکستانی شہری ہونے کے ناطے اس معاشرے میں مکمل حقوق حاصل ہیں، جن کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ اسی وجہ سے ہر سال سرکاری سطح پر پورے ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے حکومت پاکستان نے 11 اگست کو اقلیتوں کا دن قرار دیا ہے اور اسے منایا جاتا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو اس کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اسلامی ملک ہونے کے ناطے اس میں رہنے والی اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت پوری طرح پر عزم ہے، جن کی ضمانت آئین پاکستان اور ملک کے مروجہ قوانین فراہم کرتے ہیں۔ اقلیتی برادریوں کو زندگی کے ہر شعبے میں شمولیت کے وسیع مواقع فراہم کرنے سے ملک خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ اسلام خدا تعالی کی وحدانیت کی تبلیغ کرتا ہے۔ ہم قائداعظم کے نظریہ اور اسلامی تعلیمات کو فروغ دے کر پر امن معاشرہ قائم کریں گے۔ 
مفتی عبدالشکور

ای پیپر دی نیشن