حکومت ریونیو بڑھانے،اصلاحات میں سنجیدہ نہیں لگتی:شاہد رشید بٹ


 اسلام آ باد (آئی این پی ) تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے دکانداروں پر عائد کئے جانے والا ٹیکس واپس لینے کا فیصلہ غلط اور ملکی مفادات کے خلاف ہے۔ معیشت کے سب سے بڑے شعبے زراعت اور تیسرے بڑے شعبہ ریٹیل سے ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا تو ملک کیسے چلے گا۔ ٹیکس آمدنی میں اضافہ نہیں ہو گا تو ملک قرضوں پر ہی چلتا رہے گا اور آخر کار دیوالیہ ہو جائے گا۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ تاجر ٹیکس واپس لینے سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت ٹیکس آمدنی میں اضافہ میں سنجیدہ نہیں ہے۔ایک طرف ملکی سالمیت دائو پر لگی ہوئی ہے مگر دوسری طرف اب بھی سیاست کو معیشت پر ترجیح دی جا رہی ہے جو افسوسناک ہے۔انھوں نے کہا کہ حالات سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت اصلاحات کے لئے بھی صرف وہی اقدامات اٹھائے گی جس کے لئے آئی ایم ایف مجبور کرے گا۔ اس طرح سے سیاسی جماعتیں تو چلائی جا سکتی ہیں مگر ملک نہیں چلایا جا سکتا۔ اب حکومت کو آئی ایم ایف کا دیا گیا ہدف پورا کرنے کے لئے موجودہ ٹیکس گزاروں اور عوام پر اضافی بوجھ لادے گی جبکہ منی بجٹ بھی آ سکتا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن