ننکانہ صاحب(نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی)رواں سال یوم آزادی کی تقریبات پچھلے سال سے بھی زیادہ جوش و خروش سے منعقد ہوں گی، یوم آزادی منانے کے حوالے سے مرکزی تقریب کا انعقاد جمنیزیم ہال میں کیا جائیگا، تقریب میںپرچم کشائی ،قومی ترانہ،گارڈ آف آنر، مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کے حامل طلباء و طالبات میں تقسیم انعامات، تقریری مقابلے،ملی نغموں، ٹیبلو زسمیت پاک فوج اور پولیس کے شہدا ء کو خراج تحسین پیش کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب احمر نائیک نے یوم آزادی منانے کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے کیا، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جنت حسین نیکوکارا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ رانا امجد علی، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ آصف اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شہزاد اکرم، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر راشد خان، چیف افسر ضلع کونسل ساجد مشرف سمیت دیگر متعلقہ محکموں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے کہا کہ یوم آزادی منانے کے سلسلہ میںتمام تر انتظامات کو بروقت مکمل کیاجائے۔