ڈائمنڈ جوبلی ادبی کتاب میلہ،سیکرٹری اطلاعات ونشریات نے افتتاح کیا 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) انفارمیشن سروس اکیڈمی اور ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز وزارت اطلاعات کے زیراہتمام یہاں ڈائمنڈ جوبلی ادبی کتاب میلہ منعقد کیا گیا جسے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد باالخصوص نوجوانوں، میڈیا، سینئر حکام اور سماجی و ادبی حلقوں کی طرف سے زبردست پذیرائی ملی۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات شاہیرہ شاہد نے اس موقع پر ایک روزہ نمائش کا افتتاح کیا اور مختلف سٹالز کا دورہ کیا۔ پاکستان کی تاریخ ، ثقافت، کھیل، سیاحت اور ادب سے متعلق دو ہزار سے زائد کتب نمائش کے لئے رکھی گئی تھیں جو مسٹر بکس اسلام آبادکی طرف سے مہیا کی گئی تھیں جس کے منیجنگ ڈائریکٹر عبداللہ یوسف بھی تقریب میں موجود تھے۔ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنزوزارت اطلاعات نے بھی اپنی تازہ ترین مطبوعات اور ڈیجیٹل تصویری مجموعوں کا خصوصی سٹال لگایا۔ ڈائریکٹوریٹ نے یوم آزادی کی مناسبت سے تیار کی گئی دستاویزی فلمیں اور قومی نغمے بھی دکھائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات شاہیرہ شاہد نے کہا کہ کتاب میلہ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کتاب ہماراورثہ ہے، اسے نظر انداز نہیں کیاجاسکتا ،باالخصوص نوجوانوں اور تعلیمی اداروں میں کتب بینی کافروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، اس کیلئے ہم سب کو اپنا کرداراداکرناہو گا۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا قومی تعمیر میں اہم کردار ہے لہذا انہیں علم پر دسترس کی ضرورت ہے اور کتب علم کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ منانے کاسلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے۔ وزارت اطلاعات کے تمام ادارے اس میں اپنا اپنا کردارادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کتاب میلے کے انعقاد کامقصد لوگوں میں کتب بینی کو فروغ دینا ہے۔ ہم کتب بینی کی جانب لوگوں کی دلچسپی میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اس کتاب میلہ سے لوگ زیادہ سے زیادہ مستفید ہوں۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ڈیجیٹل فوٹو گرافی کی نمائش میں پاکستان کی 75 سالہ تاریخ کو ڈیجیٹل طریقے سے پیش کیا جائیگا۔
 شاہیرہ شاہد

ای پیپر دی نیشن