اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کو چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے بتایا ہے کہ جب بھی پارلیمنٹ بلائے گی تو حاضر ہوں گا۔ قبل ازیں انٹیلی جنس بیورو میں تعیناتی کے دوران بھی دل و جان سے ملک و قوم کی خدمت کی، اب بھی کوئی کمی نہیں چھوڑوں گا۔ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو قائمہ کمیٹی کے چیئرمین بیرسٹر علی ظفر کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے اجلاس کے دوران ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ چیئرمین نیب بھی شریک ہوئے۔ چیئرمین کمیٹی بیرسٹر علی ظفر نے پہلی مرتبہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت پر چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا خیرمقدم کیا۔ کمیٹی کے رکن سینیٹر شبلی فراز نے اس موقع پر آفتاب سلطان کی گزشتہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ آفتاب سلطان بڑے اچھے پولیس آفیسر تھے، جب آفتاب سلطان آئی بی کے سربراہ تھے تو اس وقت ہم اپوزیشن میں تھے۔ چئیرمین نیب آفتاب سلطان نے کہا کہ جب میں ڈی جی آئی بی تھا تو اس وقت انسداد دہشت گردی کے حوالہ سے بڑا کام کیا گیا۔ واہگہ بارڈر پر دہشت گرد حملہ ہوا تو آئی بی نے چند گھنٹوں میں حملہ آور اور اس کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو ٹریس کیا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس کی غیر رسمی کارروائی کے دوران کمیٹی کے اراکین نے سوات کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر قانون بیرسٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ شرپسند عناصر کو اکٹھا ہونے کا موقع ہی نہیں ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب آفتاب سلطان کی کمیٹی اجلاس میں شرکت کو خوش آئندہ سمجھتے ہیں۔ پارلیمان تمام اداروں کی ماں ہے اور پارلیمنٹ سے ہی تمام ادارے وجود میں آئے ہیں۔ کورم پورا نہ ہونے پر کمیٹی کا اجلاس ایجنڈا پر کارروائی کے بغیر ہی ملتوی کر دیا گیا ہے۔
چیئرمین نیب
جب بھی پارلیمنٹ بلائے گی تو حاضر ہوجائونگا:چیئرمین نیب
Aug 11, 2022