پاکستان ایک امن پسند اور اقلیت دوست ملک ہے:مفتی عبدالشکور 

اسلام آباد(نا مہ نگار)اقلیتوں کے دن کے موقع پر وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلام انسانیت کا احترام کرنے والا مذہب ہے۔ اسلام کی ابدی تعلیم کے مطابق، انسانیت کے بنیادی اصولوں کے خلاف کوئی قاعدہ ضابطہ نہیں ہے۔ معاشرے کے بڑے طبقات کی طرح اقلیتوں کو بھی پاکستانی شہری ہونے کے ناطے اس معاشرے میں مکمل حقوق حاصل ہیں، جن کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اسی وجہ سے ہر سال سرکاری سطح پر پورے ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے حکومت پاکستان نے 11 اگست کو اقلیتوں کا دن قرار دیا ہے اور اسے منا یا جاتا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو اس کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ایک اسلامی ملک ہونے کے ناطے اس میں رہنے والی اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت پوری طرح پر عزم ہے، جن کی ضمانت آئین پاکستان اور ملک کے مروجہ قوانین فراہم کرتے ہیں۔ اقلیتی برادر یوں کو زندگی کے ہر شعبے میں شمولیت کے وسیع مواقع فراہم کرنے سے ملک خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ اسلام خداتعالی کی وحدانیت کی تبلیغ کرتا ہے اور یہ کبھی بھی دوسرے مذاہب / عقائد کے پیروکاروں کی زبر دستی تبدیلی کی حوصلہ افزائی نہیں کرتا ہے۔ یہ اسلام کا دائی اصول ہے کہ اسلام میں کوئی جبر نہیں۔ مزید یہ کہ اسلامی ریاست کا اقلیتوں کے عقیدے اور عبادت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ شریعت کی حکمت عملی ہے جو غیر مسلموں کو آزادی سے اپنے مذہب پر عمل پیرا ہونے کی اجازت دیتی ہے۔ ملت اسلامیہ ان کے عقیدے اور عبادت میں مداخلت نہیں کرتی۔ اقلیتوں کے ذاتی معاملات بھی قانون کے مطابق طے کیے گئے ہیں، ان پر اسلامی قانون نافذ نہیں کیا جائے گا۔ اور انہیں وہ تمام حقوق ملنے چاہئیں جو ایک مثالی معاشرے میں میسر ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا آغاز ہمیشہ اپنے آپ سے کریں۔ جب تک ہمارے رویے نہیں بدلیں گے معاشر ہ نہیں بدلے گا۔ معاشر ہ لوگوں سے بنا ہے، اسے بدلنا ہو گا۔ اس دن یہ عہد کریں کہ ہم معاشرے میں امن و سکون اور ترقی کے لیے اپنا بھر پور کر دار ادا کریں گے۔ ہم قائداعظم کے نظریہ اور اسلامی تعلیمات کو فروغ دے کر پر امن معاشرہ قائم کریں گے۔ یہ دن ہمیں مذہبی آزادی کو فروغ دے کر امن اور ہم آہنگی کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کا موقع فراہم کر تا ہے۔ دنیا کو ماننا پڑے گا  کہ پاکستان ایک امن پسند اور اقلیت دوست ملک ہے۔
مفتی عبدالشکور 

ای پیپر دی نیشن