ڈومیسٹک ڈھانچہ سے نوجوان ٹیلنٹ ملے گا : ذکا اشرف


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے والے ریجنز کے صدور کے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاءاشرف سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں خوشگوار ماحول میں ہوئی ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی اور تمام سٹیک ہولڈرز کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کی مزید بہتری کےلئے مل جل کر کام کرنے کی کاوشوں کو اجاگر کیا گیا۔ ملک کے مختلف کرکٹ ریجنز کے صدور نے ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے سے متعلق ان تمام مجوزہ تبدیلیوں پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا جو پاکستان کرکٹ بورڈ کرنے والا ہے اور جن کا اعلان آج کیا جائےگا۔ ٹیکنیکل کرکٹ کمیٹی سربراہ مصباح ا لحق اور رکن محمد حفیظ ہیں ، نے بھی ریجنز کے صدور کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا ءاشرف نے کہا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ کا دل اور روح ریجنز سے ہے کیونکہ یہی ریجنز ڈومیسٹک کرکٹ میں ہمارے نوجوان ٹیلنٹ اور ان کی مہارت کو ابھارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔کچھ عرصے کےلئے ہمارے ریجنل سیٹ اپ میں کام کرنے کے سلسلے میں خلا آیا لیکن اب انہیں خوشی ہے کہ یہ ریجنز دوبارہ متحرک ہوئے ہیں اور یہ ہماری کرکٹ کےلئے ایک اہم قدم ہے۔ ہم سب کرکٹ سٹارز کا عروج دیکھیں گے جو باوقار انداز میں پاکستان کرکٹ کی شاندار روایات کو آگے بڑھائیں گے۔مصباح الحق نے کہا کہ نہ صرف تمام کرکٹرز کےلئے فائدہ مند ہو بلکہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مکمل دلچسپی بھی اس میں شامل ہو۔ تمام شرکا ءکی حمایت سے یہ ڈھانچہ کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔اگر ہم ساتھ کام کریں تو ہم ایک ایسا مستقبل تیار کرسکتے ہیں جو کھیل کے وقار اور بے شمار نوجوان کھلاڑیوں کی خواہشات کے مطابق ہو۔محمد حفیظ نے کہا کہ میرٹ کو ہم نے اہمیت دینی ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کرکٹرز اور سپورٹ سٹاف مہارت اور لگن سے کام کرنےوالے ہوں۔ یہ کرکٹ ڈھانچہ ہماری اجتماعی کوششوں کے ذریعے اس کھیل سے وابستہ افراد کو مواقع فراہم کرےگا۔ آپ لوگ کی سپورٹ سے ہم کھلاڑیوں کےلئے روشن مستقبل کے سلسلے میں پرامید ہیں۔ ملاقات میں تمام ڈومیسٹک ریجنل صدور نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کھیل کو ترقی اور فروغ کے سلسلے میں کوششوں کو سراہا اور اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔یاد رہے کہ اس ملاقات کےلئے تمام ریجنز کو دعوت نامے ارسال کیے گئے تھے تاہم چند ریجنل صدور اس ملاقات میں شریک نہ ہوسکے۔

ای پیپر دی نیشن