لاہور(نیوز رپورٹر) پنجاب میں بیماریوں کی مانیٹرنگ کے نظام کو بہتر اور موثر بنانے کیلئے عالمی ادارہ صحت کی طرف سے جدید آلات اور لیب کا سامان گزشتہ روز ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب کے حوالے کیا ۔ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا سے آئی ٹی آلات، لیب کا سامان ، تکنیکی معلوماتی مواد وصول کیا۔ عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا نے 1515 اینڈرائیڈ ٹیبلٹس، 5000 معلوماتی وال ماونٹ، 9600 خسرہ، روبیلا کٹس، 5000 ایفی (AEFI) کٹس ، خسرہ اور روبیلا کی جینیاتی تشخیص کیلئے گلے سے نمونہ لینے والا سامان ڈاکٹر الیاس گوندل کے سپرد کیا۔ اینڈروئیڈ ٹیبلٹس کو بیماریوں کی نگرانی کیلئے ایک خصوصی ایپ پر استعمال کیا جائے گا جس سے بروقت رپورٹنگ میں مدد ملے گی۔ وال ماو¿نٹ چارٹ کو مراکز صحت پر آویزاں کیا جائیگا تاکہ فوری اور ضروری معلومات ایک نظر میں میسر ہوں۔ ایفی AEFI کٹس کو تربیت یافتہ ڈاکٹرز کے ذریعہ جانیں بچانے کیلئے استعمال کیا جا سکے گا۔ جبکہ خسرہ اور روبیلا کٹس کو نمونہ جات جمع کرنے کیلئے (سیرالوجیکل اور مالیکیولر ٹیسٹنگ) کیلئے لیب کا عملہ استعمال کرے گا۔ تقریب میں ڈائریکٹر توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات پنجاب ڈاکٹر مختار احمد، پروگرام منیجرز اور عالمی ادارہ صحت کے حکام نے شرکت کی۔