لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے جنرل ہسپتال اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کا تین گھنٹے طویل دورہ کیا۔ جنرل ہسپتال میں کئی وارڈز میں اے سی بند تھے، گرمی و حبس سے مریض وتیمار دار بے حال اور ڈاکٹرز بھی پریشان تھے، ہسپتال میں اینٹوں پر بیڈز رکھے ہوئے تھے اور آپریشنز میں غیر معمولی تاخیرکی شکایات سامنے آئیں۔ آرتھوپیڈک وارڈ میں 2 بزرگ خواتین کے بیٹے آپریشن نہ ہونے پر وزیر اعلی محسن کے سامنے آبدیدہ ہوگئے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے دونوں افراد کو دلاسہ دیا اور فوری آپریشن کیلئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات دیں۔ مریضوں اور تیمارداروں نے بروقت علاج معالجے اور آپریشن نہ ہونے پر شکایات کے انبار لگا دیئے۔ وزیر اعلیٰ نے جنرل ہسپتال کی ابتر صورتحال، بد انتظامی اور مریضوں کی شکایات پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ایم ایس جنرل ہسپتال اور اے ایم ایس ورکس کو تبدیل کرنے کا حکم دیا جبکہ پرنسپل جنرل ہسپتال کو وارننگ دی گئی۔ مریضوں اور تیمار داروں نے وزیراعلی محسن نقوی کو شکایات کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری یہاں کوئی نہیں سنتا، ایک دو گولیاں دی جاتی ہیں یا صرف ٹیکہ لگایا جاتا ہے۔ علاج اور ٹیسٹ کے لئے چکر لگوائے جاتے ہیں۔ مقرر کردہ پارکنگ فیس کی بجائے زائد پیسے لئے جاتے ہیں۔ روز آتے ہیں لیکن ہمیں داخل نہیں کیا جاتا۔ آپریشن کے لئے کئی ہفتے بعد کی تاریخ دی جاتی ہے۔ محسن نقوی نے کہاکہ ایمرجنسی سمیت پورے ہسپتال میں بد نظمی نظر آئی۔ بلا شبہ اس ہسپتال میں رش ہے لیکن اس کو اچھے طریقے سے مینج کیا جا سکتا ہے۔ وزیر اعلی محسن نقوی کی آمد پر وارڈز میں صفائیاں شروع کی گئیں۔ بچہ وارڈ، بچہ ایمرجنسی، آرتھوپیڈک وارڈ، میڈیکل وارڈ، یورالوجی اور دیگر وارڈز میں اے سی بند تھے۔ محسن نقوی نے ادویات سٹور میں دیواروں پر سیم کو ٹھیک کرانے اور خراب اے سی ٹھیک کرانے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے ایم ایس کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ روز ایمرجنسی کا دورہ کریں تو ہسپتال کے حالات ایسے نہ ہوں، کیا یہ کارکردگی ہے؟۔ وزیر اعلی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بیشتر وارڈز میں مریض شدید گرمی میں بغیر اے سی پڑے ہیں، ایم ایس صاحب بتائیں کیسے مریض اور ڈاکٹرز یہاں رہ سکتے ہیں۔ وزیر اعلی نے استفسار کیا کہ ہسپتال کے سٹورز میں ائیرکنڈیشنرز کی گیس موجود ہے لیکن اسے اے سی چلانے کے لیے استعمال کیوں نہیں کیا جارہا؟۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈائریکٹر فنانس اور اے ایم ایس ورکس کے کمروں میں جا کر اے سی کی مینٹیننس کا معاہدہ طلب کر لیا۔ محسن نقوی نے کہاکہ لاکھوں روپے ماہانہ اے سی مینیٹیننس کی مد میں دیئے جا رہے ہیں لیکن بیشتر اے سی بند پڑے ہیں۔ محسن نقوی نے اینٹوں پر رکھے بیڈز دیکھ کر شدید ناراضی کا اظہار کیا اور فوری طور پر بیڈز تبدیل کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی، بیسمنٹ، میڈیکل سٹور، ایمرجنسی فارمیسی، الٹرا سا¶نڈ سیکشن، ایکسرے و سی ٹی سکین روم کا معائنہ کیا۔ سرجیکل ایمرجنسی، نیورو وارڈ، جنرل سٹور روم وانسٹرومنٹ و کیمیکل سٹور کا بھی وزٹ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے آرتھوپیڈک وارڈ، بچہ وارڈ، بچہ ایمرجنسی، فزیوتھراپی ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کا بھی معائنہ کیا اور علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ نرسوں سے بھی ان کے مسائل پوچھے۔ محسن نقوی نے جنرل ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتیں بہتر بنانے کیلئے سیکرٹری صحت سے پلان طلب کر لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسزمیں بھی مریضوں کی عیادت کی۔ نگران وزیراعلیٰ نے گنگارام ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں بجلی کی بندش کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر انکوائری ٹیم نے گنگارام ہسپتال کا دورہ بھی کیا۔ محسن نقوی نے جنرل ہسپتال میں تشدد کا شکار بچی رضوانہ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بچی رضوانہ کی عیادت کی اور اس کی خیریت دریافت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ بچی رضوانہ صحت یاب ہو رہی ہے۔ محسن نقوی نے تھانہ گلبرگ‘ لبرٹی کا دورہ کیا۔ فرنٹ ڈیسک پر سائلین کی درخواستوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور فرنٹ ڈیسک پر درخواستیں دینے والے شہریوں سے بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ نے درخواستوں پر مزید کارروائی کو مقرہ مدت کے اندر یقینی بنانے کا حکم دیا اور 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود بعض درخواستوں پر کارروائی نہ کئے جانے پر برہمی کا اظہار کیا۔ تھانے آنے والے جوڑے نے قذافی سٹیڈیم میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے رشوت لینے کی شکایت کی جس پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایس پی ماڈل ٹاﺅن کو رشوت لینے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے مال خانے کی ابتر حالت پر ناراضی کا اظہار کیا اور تھانے کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے جاری کام کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے لیہ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نگران وزیراعلی نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ بھی کیا اور دل کے مریضوں کیلئے علاج معالجے کی سہولوت کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے ایمرجنسی وارڈز اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ مریضوں کی عیادت کی اور پی آئی سی میں فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔محسن نقوی کے گزشتہ دورے کے صرف 5 روز بعد مزنگ اور تھانہ سول لائنز کی حالت سنور گئی۔ وزیراعلیٰ نے تزئین و آرائش کے بعد تھانہ مزنگ اور تھانہ سول لائنز کی عمارت کا افتتاح کیا۔ محسن نقوی نے فرنٹ ڈیسک، استقبالیہ، ریڈر کارنر، حوالات، محرر روم اور مال خانہ کا وزٹ کیا۔ عوامی ریلیوں پر پابندی نہیں، سیاسی ریلیوں پر پابندی لگائی گئی ہے۔ عوام پرامن طریقے سے جشن آزادی منا سکتے ہیں۔ 14 اگست کو پبلک نکل سکتی ہے سیاسی ریلی نہیں۔
محسن نقوی