لاہور( کامرس رپورٹر)چیف کلیکٹر کسٹمز رباب سکندر نے کہا ہے کہ مسائل کے حل کیلئے ہماری لبرل پالیسی ہے۔ سٹیک ہولڈرز سے رابطے بڑھا رہے ہیں۔ کارپٹ ایسوسی ایشن تمام مسائل اور پیچیدگیوں کے حوالے سے جامع پریزنٹیشن تیار کرے۔ محکمے کے متعلقہ افسران بریفنگ لینے کیلئے خود آپ کے پاس آئیں گے۔ریپئر ،ری واش اور ری فنش کیلئے عارضی امپورٹ ہونے والی کارپٹ مصنوعات سے متعلقہ معطل ہونے والے ایس آر او 492 اور نئے جاری ہونے والے ایس آر او 545کے حوالے سے جو تحفظات اور تجاویز سامنے آئی ہیں۔ انہیں فی الفور زیر غور لایا جائے گا اور کوشش ہے کہ رواں ماہ ختم ہونے والی مدت میں توسیع کے حوالے سے مثبت رد عمل دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر کسٹم کے فوکل پرسن و کلیکٹر سیالکوٹ نیئر شفیق کے ہمراہ پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔