لاہور(خبرنگار)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رضا قریشی نے اردو زبان کے نفاذ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دیدیا، عدالت نے ڈاکٹر شریف نظامی کی درخواست پرقومی زبان اردو کے نفاذ کا فیصلہ انگریزی میں تحریر کیا، فیصلے میں کہا گیا کہ متعلقہ ادارے فیصلے پر عملدرآمد کی رپورٹ چھ ماہ کے اندر پیش کریں،سپریم کورٹ کے کوکب اقبال کیس کے فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے،آرٹیکل 189 کے تحت سپریم کورٹ کا فیصلہ ملک بھر کے اداروں، محکموں، سرکاری و نجی تنظیموں پر لاگو ہوتا ہے،عدالت عظمیٰ نے وفاقی، صوبائی حکومتوں کو تمام قوانین کا تین ماہ میں اْردو زبان میں ترجمہ کرنے کا حکم دیا،وفاقی صوبائی حکومتیں رسم الخط کے معاملے پر باہم تعاون کریں، حکومت اپنی دی گئی ٹائم لائن پر عملدرآمد کو یقینی بنائے،فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی صوبائی مقابلے کے امتحانات اردو زبان میں لینے کیلئے عملدرآمد میں تاخیر نہ کی جائے،اردو زبان کا نفاذ آئین کے آرٹیکل 251 پر عملدرآمد کا معاملہ ہے،آئین کا نفاذ کسی کی پسند اور ناپسند پر نہیں روکا جاسکتا ہے۔