اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے پاکستان کے76 ویں یوم آزادی کے موقع پر عوام کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی کے خصوصی تحفہ کا باقاعدہ آغاز آج سے ہو گا، جس کے تحت ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز پر5 بنیادی اشیائے ضروریہ کم ترین نرخ پر دستیاب ہوں گی۔ وزیراعظم کی جانب سے دی جانے والی ٹارگٹڈ سبسڈی میں آٹا 648 روپے فی10 کلو، گھی 353 روپے فی کلو، چینی 100 روپے فی کلو، جبکہ دالوں اور چاول پر 25 روپے فی کلو کی خصوصی رعایت دی جائیگی۔ سبسڈی سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ گھرانے جن کا غربت انڈکس پر سکور آر ایم ٹی فورٹی یااس سے کم ہے، سبسڈی کے حصول کیلئے اہل ہیں۔ اس سہولت سے مستفید ہونے کے لئے بھی بی آئی ایس پی کے خصوصی رجسٹریشن کائونٹر یوٹیلیٹی سٹورز پر قائم کئے جا رہے ہیں۔