اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) امریکہ میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ پاکستانی قوم روئے زمین پر سب سے زیادہ انسان دوست اور فلاحی سرگرمیوں کیلئے عطیات دینے والی قوم ہے۔ پاکستانی سفیر مسعود خان نے یہ بات عالمی شہرت یافتہ کرکٹر شاہد خان آفریدی اور سکواش کی دنیا پر برسوں راج کرنے والے لیجنڈ چیمپئن جہانگیر خان سے پاک سفارت خانہ واشنگٹن میں ملاقات کے دوران کہیں۔ اجلاس میں کمیونٹی رہنمائوں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ دونوں مشہور سپر ہیروز اس وقت شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں کے سلسلے میں امریکہ کے دورے پر ہیں۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ شاہد آفریدی نے کشمیر پریمیئر لیگ کے انعقاد کے ضمن میں متحرک کردار ادا کیا۔ شاہد آفریدی اور جہانگیر خان کھیلوں کے ہیروز اپنی بے لوث خدمات کی بدولت انسانیت کے ہیرو بن چکے ہیں۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان نے مجھے وہ دیا ہے جس کا میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ اس لیے میں اپنے لوگوں کے لیے جو کچھ کر سکتا ہوں وہ کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ میں پاکستان میں پیدا ہوا۔ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں اپنے رجسٹرڈ چیپٹرز کے ساتھ کام کر رہی ہے، اہم شعبوں میں پاکستان کی پسماندہ کمیونٹیز کی خدمت کر رہی ہے۔ ڈاکٹر عتیق صمدانی، جو شاہد آفریدی فاؤنڈیشن یو ایس اے کے چئیرمین ہیں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ فاؤنڈیشن کی خدمات مکمل طور پر شفاف طریقے سے مستحق لوگوں کو فراہم کی جا رہی ہیں۔