لاہور (سپورٹس ڈیسک) بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023ء کے آغاز سے قبل کولکتہ کے ایڈن گارڈنز کرکٹ سٹیڈیم میں آگ بھڑک اْٹھی۔ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ شروع ہونے میں محض چند ماہ باقی رہ گئے ہیں تاہم گزشتہ رات ایڈن گارڈنز سٹیڈیم کے ڈریسنگ روم میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے ڈریسنگ روم میں رکھا کھلاڑیوں کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ سے لگی، جس پر قابو پانے میں ایک گھنٹے کا وقت لگا۔ آگ لگنے کے باعث ڈریسنگ روم کی فالس سیلنگ جل گئی جبکہ آتشزدگی کے واقعہ کے باعث پورے ایڈن گارڈن کا رابطہ منقطع ہوگیا۔قبل ازیں چند روز قبل آئی سی سی کے اعلیٰ حکام نے سٹیڈیم کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے جائزہ لیا تھا اور رپورٹ آئی سی سی کو ارسال کی تھی تاہم آتشزدگی کے واقعے نے اب تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔آگ لگنے کے باعث کھلاڑیوں کے ڈریسنگ روم میں رکھی کئی یادگار لمحات بھی جل گئے۔ واضح رہے کہ ورلڈکپ کے پانچ میچز ایڈن گارڈنز کولکتہ میں شیڈول ہیں، جس میں ایک سیمی فائنل کے علاوہ پہلا میچ 28 اکتوبر کو ہالینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 31 اکتوبر کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جانا ہے۔ اس کیساتھ ہی تیسرا میچ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان 5 نومبر کو کھیلا جانا ہے۔ انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں یہاں 11 نومبر کو ٹکرائیں گی جبکہ دوسرا سیمی فائنل 16 نومبر کو ہو گا۔
ورلڈ کپ میچز میزبان سٹیڈیم کولکتہ ایڈن گارڈنز میں آتشزدگی
Aug 11, 2023