لاہور (کامرس رپورٹر ) لاہورمیں ایران کے قونصل جنرل مہران موحد فار نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان اچھے تعلقات ہیں جنہیں باہمی اقتصادی فوائد کے حصول کیلئے بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات میں تبدیل ہونا چاہئے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (پی سی جے سی سی آئی) کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ پی سی جے سی سی آئی کے صدر معظم گھرکی نے کہا کہ پاکستان، ایران اور چین 3 برادر ممالک ہیں اور وہ بہت سے شعبوں میں ایک دوسرے کی معیشت کی تکمیل کر سکتے ہیں۔ اس لیے انہیں باہمی فائدہ مند نتائج کے حصول کیلئے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر توجہ دینی چاہیے۔ علی رضا رضوی، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے سفارتی اور حکومتی تعلقات اور گوادر ٹورزم پروموشن اینڈ سی پیک پراجیکٹس PCJCCI نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تجارت 293.18 ملین امریکی ڈالر رہی۔ ایرانی قونصل جنرل مہران موحد فار نے کہا کہ ایران اپنی افرادی قوت اور ہنرمند افرادی قوت فراہم کر کے پاکستان اور چین کے ساتھ توانائی، انفراسٹرکچر کے منصوبوں اور دیگر کئی شعبوں میں تعاون کر سکتا ہے۔
پاکستان اور ایران کے تعلقات اقتصادی فائدے میں تبدیل ہونے چاہئیں: قونصل جنرل
Aug 11, 2023