لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے حرمین ہال فردوس مارکیٹ گلبرگ میں امریکہ سے آئے ہوئے گلوبل مشن اویرنس کے چئرمین اور عالمی ایمبیسڈر آف پیس مسٹرلیف ہیتھلنڈ، آرچ بشپ سبستگین شاہ ، بشپ ندیم کامران، ڈاکٹر مرقس فدا کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔ مسیحی قائدین اور پوپ فرانسس آف ویٹیکن سٹی کا قرآن پاک جلانے اور کلامِ الٰہی کی بے حرمتی کرنے والے ملعونوں کی مذمت کرنے اور تمام آسمانی کتب اور ابنیاء کا احترام کرنے کی تلقین کرنے پر تمام اہل اسلام اور امت رسول کی طرف سے انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان راہنمائوں نے سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن پاک جلانے والے ملعونوں کی ناپاک اور گھٹیا حرکت کو شیطانی عمل قرار دیکر کلمہ حق کہا جس پر ہم انکو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مسٹر لیف ہیتھلنڈ، آرچ بشپ سبستگین شاہ، بشپ ندیم کامران، علامہ زبیر احمد ظہیر، مولانا سید عبدالخبیر آزاد، تمام مذاہب اور تمام مکاتبِ فکر کے علماء نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے متفقہ طور پر مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر قرآن مجید، بائبل ، تورات اور تمام مقدس کتب، انبیاء کرام اور تمام مذاہب کی گستاخی اور توہین۔ نیز کروڑوں اربوں انسانوں کی دل آزاری کو باقاعدہ جرم قرار دیا جائے۔ تمام ممالک کو موثر قانون سازی کے ذریعے شیطانی عمل سے روکا جائے کیونکہ اس طرح کے نفرت انگیز اقدامات انسانیت اور امن دشمنی ہیں۔
اقوام متحدہ مقدس کتب‘ مذاہب کی توہین کو باقاعدہ جرم قرار دے: زبیر احمد ظہیر
Aug 11, 2023