آج 11 اگست 2024ءکو اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے۔ پاکستان میں اقلیتی باشندوں کو وہ تمام حقوق حاصل ہیں جو ایک عام پاکستانی شہری کو حاصل ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اقلیتوں کی فلاح و بہبود کےلئے گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مذہبی اقلیتوں کیلئے دو ارب پچاس کروڑ کا ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا جبکہ حالیہ اے ڈی پی میں مذہبی اقلیتوں کے ساتھ دیگر اسکیموں پر کام شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت ایچ آر اینڈ ایم اے کمپلیکس کی تعمیر ‘ نابھہ روڈ پر واقع ایس ٹی اینڈریو پریسبیٹیرین چرچ کی تعمیر نو اور بحالی‘میریز میگڈلین چرچ لاہور کینٹ کا تحفظ اور بحالی‘ پی ای ای ایف کے ذریعے مستحق اقلیتی طلباءکو مالی امداد، ہنر کی تربیت کے ذریعے مذہبی اقلیتوں کے نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ‘ اقلیتوں کے ماڈل علاقوں کی ترقی، سیاحت کو فروغ دینے کیلئے اقلیتوں کے مذہبی مقامات کی تزئین و آرائش ‘ قبرستانوں کی تزئین و آرائش‘ جنازگاہ ‘شمشان گھاٹ اور کمیونٹی سینٹرز ‘ اقلیتی ترقیاتی فنڈ‘ اقلیتوں کیلئے تعلیمی اسکالرشپ اور اقلیتوں کے شادی کے لائسنس کیلئے آن لائن سہولت ‘ پنجاب بھر میں انسانی حقوق، اقلیتوں اور بین المذاہب ہم آہنگی کے بارے میں آگاہی کرنا شامل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز مذہبی اقلیت کے لوگوں کو اپنی فیملی کا درجہ دیتی ہیں‘ انہوں نے وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالتے ہی اپنی پہلی تقریر میں اقلیتوں کو اپنے سر کا تاج قرار دیا۔سکھ کمیونٹی نے انکی سرپرستی میں بہترین انداز میں بیساکھی کا تہوار منایا۔ اقلیتوں کی آزادی‘ خودمختاری اور بنیادی حقوق صرف پنجاب تک ہی نہیں‘ ملک بھر میں اقلیتی باشندے عام پاکستانی شہری کی طرح آزادانہ زندگی بسر کررہے ہیں‘ بڑے پیمانے پر کاروبارکررہے ہیں‘ انہیں اپنے مذہب اور عقائد کے تحت عبادات‘ رسومات اور تہوار منانے میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ انہیں اسمبلیوں میں نمائندگی بھی حاصل ہے۔ پاکستان اقلیتوں کیلئے ایسی جنت ہے جہاں انہیں اپنی آزادی کے حوالے سے کوئی خوف نہیں ہے جبکہ پڑوسی ملک بھارت میں مودی سرکار نے اپنی اقلیتوں کیلئے بھارت کو جہنم زار بنایا ہوا ہے جس پر بھارت پوری دنیا میں سخت تنقید کی زد میں رہتا ہے۔