شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف کے سینئر رہنماو میونسپل کمیٹی شیخوپورہ کے سابق اپوزیشن لیڈرحاجی غلام نبی ورک نے کہا ہے کہ دھاندلی زدہ حکومت عوام کو اعتماد میں لینے کو تیار نہیں کیونکہ اسے عوام کی حمایت حاصل نہیں پاکستانی ووٹرز نے پی ٹی آئی کے نظریہ کو تسلیم کرتے ہوئے اسے ووٹ دیا مگر دھاندلی کے سہارے ملک پر کرپٹ و نااہل ٹولے کو مسلط کردیا گیا جوبیرونی آقاؤں کی آشیر باد سے پاکستان کے عوام پر عرصہ حیات تنگ کررہے ہیں اور مہنگائی کے بوجھ میں مسلسل اضافہ کرکے عام آدمی کو زندہ درگور کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں،میڈیا سے گفتگو کرتے حاجی غلام نبی ورک نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام دوست سیاسی جمہوری جماعت ہے جو ملکی ترقی و عوامی خوشحالی کی ضامن ہے ہم عوام کے استحصال پر خاموش نہیں بیٹھیں گے اور قوم کی ترجمانی کا حق ادا کرتے ہوئے ایوانوں کے اندر اور باہر بھرپور آواز بلند کریں گے۔