لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسپلن میٹرکس کے تحت سخت ایکشن لیتے ہوئے 3 ڈی ایس پیز کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ملزمان سے ساز باز،اختیارات کے ناجائز استعمال اور ناقص کارکردگی پر 3 ڈی ایس پیز کو معطل کر کے نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا۔ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز ساہیوال سابق ایس ڈی پی او دہلی گیٹ ملتان محمد شہباز گل،ایس ڈی پی او صدر جھنگ محمد اسلم اور ایس ڈی پی او بڑاگھر ننکانہ صاحب سلیم حیدر شاہ کو معطل کیا گیا ہے۔ڈی ایس پی سلیم حیدر شاہ کو مختلف کیسز میں ملزمان کو فائدہ اور جھوٹی ایف آئی آر دینے پر معطل کیا گیا۔ڈی ایس پی محمد اسلم کو 2 بے گناہ افراد کو ایف آئی آر میں ناجائز طور پر نامزد کرنے، غلط ڈیٹینشن آرڈر جاری کروانے پر معطل کیا گیا جبکہ ڈی ایس پی شہباز گل کو قبضہ مافیا کیساتھ سازباز کی پاداش میں معطل کیا گیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس ایک ڈسپلنڈ فورس ہے جس میں سزا و جزا کا سخت نظام رائج ہے۔معطل ڈی ایس پیز کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
ناقص کارکردگی ‘اختیارات کا ناجائز استعمال ‘3ڈی ایس پیز معطل
Aug 11, 2024