لاہور ( خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی اور مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ نے جلسہ عام اور میڈیا نمائندگان، سوشل میڈیا چینلز اور دھرنا انتظامی کمیٹی کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’حق دو عوام کو‘‘ تحریک اور راولپنڈی میں 15دن مسلسل دھرنے اور جلسوں نے آئینی، سیاسی، جمہوری مزاحمت اور مذاکرات محاذ پر نئی تعمیری، تاریخی، شاندار اور پرجوش باب کا اضافہ کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان، خواتین، نوجوانوں اور تاجر، صنعت اور زراعت برادری کی بڑی شرکت نے 25کروڑ مظلوم محروم عوام کو نیا حوصلہ دیا ہے۔ نوجوانوں، طلبہ و طالبات اور سیاسی کارکنان کو عزم نو ملا ہے۔ دھرنا کے اعلیٰ مقاصد کو کامیابی ملی ہے۔پاکستان کے نظریاتی، آئینی، جمہوری، انسانی حقوق کے تحفظ کی بلند آہنگ مضبوط آواز بلند ہوئی۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے اپیل پر سستی بجلی، آئی پی پیز کے ساتھ ہونیوالے معاہدوں کو ختم اور مہنگائی کو کم کرنے کے حوالے سے 11اگست وزیر اعلیٰ ہاوس کے باہر عظیم الشان جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس میں مرد و خواتین سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص شرکت کرے گا۔ جب تک حکومت حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اور اپنے معاہدے پر من و عن عمل درآمد نہیں کرتی اس وقت تک سٹرکوں پر رہیں گے۔
’’حق دو عوام کو‘‘ تحریک نے 15دن دھرنے نئی تعمیری باب کا اضافہ کیا:لیاقت بلوچ
Aug 11, 2024