ارشد ندیم اکیلا لڑا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا:عظمیٰ بخاری

Aug 11, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ارشد ندیم اکیلا لڑا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، وطن واپسی پر سول اعزاز سے نوازا جائے گا ،افسوس کی بات ہے کہ قوم کو جب بھی کوئی خوشی ملتی ہے تو فسادی اور انتشاری ٹولے کو تکلیف ہونے لگ جاتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کے ہمراہ ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگست کا مہینہ پاکستانی قوم کے لیے خوشیوں کا پیغام لاتا ہے لیکن اس یوم آزادی کے موقع پر جو خوشی اور مسرت ارشد ندیم نے قوم کو دی ہے وہ ناقابل بیان ہے،یقینا ارشد ندیم کی اس جیت سے یوم آزادی کو چار چاند لگ گئے ہیں، یہاں بہت سارے لوگ پوری ٹیم کی مدد سے جیتتے ہیں اور خود کو قومی ہیرو اور چمپئن سمجھنے لگتے ہیں۔ ایک نام نہاد چمپئن کو قوم نے سر پر اٹھا لیا جس نے پورے ملک کا بیڑا غرق کر دیا۔ دوسری طرف میاں چنوں سے تعلق رکھنے والا ارشد ندیم اکیلا لڑا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ افسوس کی بات ہے کہ یہ قوم جب بھی متحد ہوتی ہے یا اس کو کوئی خوشی ملتی ہے تو پتہ نہیں کیو ں فسادی اور انتشاری ٹولے کو تکلیف ہونے لگ جاتی ہے۔ وہ ہر وقت اندر سے کچھ فساد اور شرپسندی ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں جس سے خوشی کا مزہ کرکرا ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ یوتھ فیسٹیول کو میاں محمد شہباز شریف نے شروع کیا جسے ایک نام نہاد کھلاڑی نے آکر بند کروا دیا۔ یوتھ فیسٹیولز سے بہت اچھے اچھے کھلاڑی پاکستان کو ملے جن میں ارشد ندیم بھی ایک ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ارشد ندیم جب ملک واپس تشریف لائیں گے تو ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔

مزیدخبریں