چین نے امداد کو سیاسی استحکام سے مشروط کیا، حکمران ملک آگے لیکر جانے میں ناکام رہے: فضل الرحمن

مردان (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمنٰ نے جے یو آئی کے تحت کسان کنونشن سے خطاب کرتے کہا ہے کہ چین پاکستان کا بہترین دوست ہے۔ چین نے کہا ہے کہ وہ ہرشعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے، ملکی معیشت اس حد تک گر چکی ہے کہ کوئی حکومت اٹھا نہیں سکے گی۔ شہباز شریف چین گئے اور سرمایہ کاری کرنے کیلئے آمادہ کرنے کی کوشش کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی معیشت کو اٹھاؤں گا لیکن وہ نہیں اٹھا سکے۔ چین نے ایک ہی بات کی کہ سیاسی استحکام نہیں۔ امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں۔ جب امن و امان کی صورتحال خراب ہو گی تو سرمایہ کاری نہیں ہو گی۔ چین سب سے زیادہ سرمایہ کاری زرعی سیکٹر میں کرنا چاہتا ہے، کہا تھا معیشت اتنی گر چکی ہے کہ آنے والی کوئی حکومت اسے نہیں اٹھا سکتی۔ شہباز شریف ملک کو آگے لیکر جانے میں ناکام رہے۔ غیر ضروری طور پر باہر سے گندم کیوں منگوائی گئی۔ اتنی گندم درآمد کرائی گئی کہ یہاں کسانوں کی گندم گھروں میں پڑی رہ گئی۔ معیشت گر چکی ہے۔ بے روزگاری زیادہ ہے۔ سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں بندوق نہیں اٹھائیں گے‘ دھاندلی کے ذریعہ اسمبلی پر قبضہ نہیں ہونے دیں گے۔ دینی مدارس کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرنے والوں کے خلاف جہاد کریں گے۔ پارلیمنٹ پر عوام کا اعتماد نہیں جبکہ ہمارے دوست ملک چین نے بھی امداد اور تعاون کو سیاسی استحکام سے مشروط کیا ہے۔ مدارس کا تحفظ کریں گے۔ ملک کی اقتصادی صورتحال ابتر ہے‘ جان بوجھ کر ایسے عناصر پیدا کئے گئے جو پاکستان کی ترقی کا راستہ روکیں‘ ملک کی معاشی صورتحال کا دارومدار کاشتکار اور کسانوں کیساتھ وابستہ ہے‘ ملک دشمن عناصر کی ایک طبقہ حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔ ملک کی معیشت زمین بوس ہو چکی ہے۔

ای پیپر دی نیشن