راولپنڈی (جنرل رپورٹر + خصوصی رپورٹر) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے بشریٰ بی بی کے خلاف 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں، اہم تنصیبات، نجی و سرکاری املاک کے گھیراؤ جلاؤ اور پولیس افسروں و اہلکاروں پر حملوں کے 11 الگ الگ مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی سماعت12 اگست تک ملتوی کردی ہے، گزشتہ روز سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل ملک محمد فیصل اپنی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری کیخلاف درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر بنچ کی جانب سے جاری تحریری حکم نامہ میں عدالت کاکہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری کے خلاف درخواست پر سے اعتراضات دور کئے جاتے ہیں۔ وکیل کے مطابق اس درخواست اور دیگر دو درخواستوں میں ایک جیسے حقائق و قانونی نکات زیر غور ہیں، عدالت وکیل کی آراء سے متفق ہوتے ہوئے سمجھتی ہے کہ اس درخواست کو بھی دیگر دو درخواستوں کے ساتھ سنا جائے۔