شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ ملکی استحکام و اندرونی پائیدار امن کے قیام پر کوئی سمجھوتی نہیں کیا جاسکتا، (ن) لیگ ملکی امن کو فروغ دینے کی ضامن جماعت ہے جس نے دہشت گردی کے قلع قمع کی خاطر مربوط اقدامات اٹھائے۔ پارٹی قیادت اب بھی پرتشدد رجحانات کے خاتمہ اور امن و امان کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محسن پاکستان میاں محمد نواز شریف نے اپنے دور وزارت عظمیٰ کے دوران کراچی کا امن بحال کیا۔ دہشت گردوں کی کمر توڑی اور افواج پاکستان کو مضبوط کرنے سمیت ریاستی اداروں کو فعال کیا۔ ملک میں ایٹمی ٹیسٹ کر کے پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بنانے کا سہرہ بھی میاں محمد نواز شریف کے سر ہے۔