لاہور (خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے 9 مئی تھانہ شادمان جلاؤ‘ گھیراؤ سمیت پانچ مقدمات میں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد و دیگر ملزموں کے خلاف جیل ٹرائل 2 ستمبر تک ملتوی کر دیا۔ دوران سماعت شاہ محمود قریشی روسٹرم پر آگئے اور عدالت سے استدعا کی کہ ثبوت اور گواہان کو چھوڑیں عدالت میرا اور پراسیکیوشن کا قرآن مجید پر حلف لے، اب بات قرآن مجید پر حلف پر ہو گی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کینسر کی مریضہ ہیں ہم اپنی ضمانتوں کی درخواستیں واپس لے لیتے ہیں، آپ ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانتوں پر فیصلہ کر دیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ میں نے ریکارڈ مانگوایا ہے میں آج فیصلہ کردوں گا، ریکارڈ پیش نہ کرنے پر متعدد شوکاز تفتیشی افسران کو دئیے ہیں، میں حیران ہوں ریکارڈ کیوں نہیں آتا میں تو ایک دو پیشیوں پر فیصلہ کر دیتا ہوں، یاسمین راشد نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا مجھے اگر جیل میں کچھ ہوا تو ذمہ دار آپ ہوں گے۔ میری نہیں سب دوستوں کی ضمانتیں ہونی چاہیں، عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ گواہ کے مطابق نو مئی سے قبل پندرہ لوگوں کی میٹنگ ہوئی، ان پندرہ میں سے چھ لوگوں نے پریس کانفرنس کی، پولیس نے آج تک ان چھ لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ پراسکیوٹر نے کہا کہ ہم نے انہیں بے گناہ نہیں کیا وہ چھ لوگ اشتہاری ہیں، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پراسکیوٹر صاحب تصحیح کر لیں وہ اشتہاری نہیں سرکاری ہیں، آپ مجھے دو دن دیں میں ان چھ لوگوں کو پکڑ کر آپکے سامنے پیش کر دوں گا۔ دریں اثناء انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیسوں میں عدم پیروی پر ملزموں حافظ فرحت عباس اور امتیاز محمود کی ضمانت خارج کر دی۔ عدالت نے فواد چوہدری، اسد عمر، مسرت جمشید اور جمشید اقبال چیمہ سمیت 43 ملزموں کی ضمانتوں میں 7 ستمبر تک توسیع کا حکم دے دیا۔ عدالت نے تھانہ شادمان جلائوگھیرائوکیس میں گیارہ ملزموں کی ضمانتوں میں 11 ستمبر تک، زمان پارک جلائو گھیرائو کیس میں 12 ستمبر تک جبکہ عسکری ٹاور جلائو گھیرائوکیس میں 17 ملزموں کی ضمانتوں میں 13 ستمبر تک توسیع کا حکم جاری کر دیا۔
9 مئی مقدمات‘ شاہ محمود‘ یاسمین راشد کیخلاف جیل میں سماعت‘ تفتیشی افسروں کو شوکاز
Aug 11, 2024