ایک لاکھ غریب گھرانوں کو 2 کلو واٹ تک مفت سولر سسٹم دینگے: وزیراعلیٰ خیبر پی کے

Aug 11, 2024

پشاور (بیورو رپورٹ) وزیرِ اعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور نے ایک لاکھ غریب گھرانوں کو مفت سولر سسٹم دینے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ غریب گھرانوں کو دو کلوواٹ تک مفت سولر سسٹم دیئے جائیں گے، جس میں پینلز، انورٹر، وائرنگ، پنکھے اور بلب شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ سولر سسٹم کی تنصیب سے بجلی چوری اور لائن لاسز میں کمی ہو گی۔ احساس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ غریب گھرانوں کو سولر سسٹم دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب میں صرف پینلز دیئے جا رہے ہیں لیکن ہم پورا سولر سسٹم نصب کر رہے ہیں۔ منصوبے کیلئے بیس ارب روپے سے زیادہ مختص کیے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعلی سردار علی امین گنڈا پور نے خیبر پی کے میں تعلیم کارڈ کے اجرا کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے محکمہ تعلیم اور خزانہ کو فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کارڈ کا اجرا اپر چترال سے کیا جائے گا، پسماندہ ضلع سے تعلیم کارڈ کا اجرا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہترین نتائج کے لئے منصوبے کو پہلے پائلٹ کیا جائے گا، دیگر ضلعوں تک مرحلہ وار وسعت دی جائے گی۔ 

مزیدخبریں