گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) محنت کش کی تین کمسن بہنیں کھیلتے ہوئے آٹے والی پیٹی میں لاک اپ ہو جانے سے پھنس گئیں ،دم گھٹنے سے ایک جاں بحق اور2 کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ الیاس کالونی کے رہائشی محنت کش وقار کی بیٹیاں دس سالہ حفظہ،سات سالہ میرب اور پانچ سالہ ام ہادیہ گھر میں کھیلتے ہوئے آٹے والی پیٹی میں لاک اپ ہو جانے کے باعث پھنس گئیں ،جسکے نتیجے میں دم گھٹنے سے حفظہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ تاہم واقع کی اطلاع پاکر ریسکیو اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے میرب اور ام ہادیہ کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جہاں پر انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ، افسوسناک حادثہ کی وجہ سے محنت کش کے ہنستے بستے گھر میں قیامت برپا ہوگئی ، والدین کو غشی کے دورے پڑتے رہے اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔