اسلام آباد (خبر نگار) سکی کناری ہائیڈرو پاور سٹیشن کے بجلی کے بہائو کا عمل کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا جس کے بعد گرڈ سے منسلک بجلی کی پیداوار جلد شروع ہو گی۔ شمال مغربی پاکستان کے صوبہ خیبر پی کے شہر مانسہرہ میں دریائے کنہار پر واقع ایس کے ہائیڈرو پاور سٹیشن سی پی کے کے تحت ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ ایس کے ہائیڈرو پاور سٹیشن کے چیئرمین اور جنرل منیجر ایچ ای شی اونگ فی نے گوادر پرو کو بتایا کہ بیک فیڈنگ مکمل وولٹیج کے تحت ایس کے ہائیڈرو پاور سٹیشن کے500 کے وی سوئچنگ سٹیشن پر ہائی وولٹیج آلات کی آپریشنل حالت کا ایک اہم ٹیسٹ ہے۔ آپریشنل ہونے کے بعد سالانہ اوسطا 3.212 بلین کلو واٹ بجلی پیدا ہونے کا امکان ہے۔ اس منصوبے سے دس لاکھ سے زائد پاکستانی گھرانوں کو سستی اور صاف بجلی فراہم کی جائے گی جس سے پاکستان کے بجلی اور توانائی کے ڈھانچے پر نمایاں اثر پڑے گا۔