چار سدہ: نامعلوم افراد کی فائرنگ، سپیشل برانچ کا اہلکار شہید، لاڑکانہ:  2 دہشتگرد گرفتار

میانوالی+ لاڑکانہ (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) ضلع چارسدہ کے پولیس سٹیشن خان ماہی کی حدود میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے سپیشل برانچ کے اہلکار عصمت اللہ کو شہید کر دیا۔ چارسدہ پولیس کے مطابق شہید عصمت اللہ صبح گھر سے ڈیوٹی کیلئے جارہا تھا۔ وہ پولیس سٹیشن خان ماہی کی میں سپیشل برانچ کا اہلکار تھا۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ جبکہ محکمہ انسداد دہشت گردی سندھ کے شہر لاڑکانہ میں کامیاب کارروائی کے دوران دو دہشت گردوں کو گرفتار کر کے شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ محکمے نے حساس اداروں کی مدد سے کارروائی کی اور دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ ڈی ایس پی سی ٹی ڈی سید اصفر شاہ نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم ایس آر اے سے ہے۔ گرفتار دہشت گردوں کی شناخت جمیل شیخ اور صلاح الدین جتوئی کے نام سے ہوئی۔ گرفتار دہشت گردوں نے یوم آزادی کے موقع پر مرکزی تقریب اور جیل کو بم سے اڑانے کی پلاننگ کی تھی۔ دوسری طرف ضلع خیبر وادی تیراہ میں خوارج کے ساتھ جھڑپوں میں حوالدار انعام گل شہید کی نماز جنازہ گزشتہ روز آبائی قبرستان کچ تذرخیل میں ادا کر دی گئی۔ شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے قبر پر سلامی پیش کی۔

ای پیپر دی نیشن