شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ مایوسی میں ڈوبی ہوئی قوم کو ارشد ندیم کے ایک تھرو نے خوشی میں بدل دیا ہے۔ قوم کے چہرے پر بڑی دیر بعد پریشانی کی بجائے فتح کا جشن تھا۔ ارشد ندیم پاکستان کا قومی ہیرو ہے جس کی وجہ سے کئی برس بعد اولمپکس میں پاکستان کو وکٹری کی سیٹ پر پہنچنا نصیب ہوا۔ انہوں نے ارشد ندیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے ایک میڈل نہیں جیتا بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کا پرچم بھی بلند کیا ہے۔ پوری قوم ارشد ندیم جیسے عظیم کھلاڑی کی مشکور ہے کہ انہوں نے اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کر کے پاکستانی قوم کے نوجوانوں میں جیت کے لیے لگن پیدا کی ہے۔