لاہور؍ اسلام آباد (این این آئی+ نمائندہ خصوصی) پاکستان میں آج 11 اگست کے دن کو یوم اقلیت کے طور پر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ یوم اقلیت کی مناسبت سے پنجاب اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلایا لیا گیا۔ پنجاب اسمبلی اجلاس سے اقلیتی برادی کی نمایاں شخصیات اسمبلی اجلاس میں شرکت اور ایوان سے خطاب کریں گے۔ پنجاب اسمبلی اجلاس میں خصوصی قراداد منظور کی جائے گی۔ اجلاس میں سابق اقلیتی ارکان اسمبلی، شعبہ تعلیم ، صحت، بشپ صاحبان، سکھ اور ہندو کمیونٹی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز پنجاب اسمبلی اجلاس کے بعد اقلیتی برادری کے اعزاز میں عصرانہ دیں گی۔ صدر اسلامی جمہوریہ آصف علی زرداری نے اقلیتوں کے دن پیغام میں کہا کہ پاکستان ہر سال ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کے اعتراف میں 11 اگست کو اقلیتوں کا دن مناتا ہے۔ اس دن ہم قائداعظم محمد علی جناح کے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کیلئے کیے گئے 11 اگست 1947ء کے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، ترقی اور بااختیار بنانے کے لیے اپنی غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یوم اقلیت آج،تحفظ حقوق کے وعدے قائم ہیں، صدر زرداری اور بلاول کا پیغام
Aug 11, 2024