پاکستان زندہ باد کے نعروں میں قومی ہیرو کا شاندار استقبال

Aug 11, 2024

پاکستان زندہ باد کے نعروں میں قومی ہیرو کا شاندار استقبال
پاکستان زندہ باد کے نعروں میں قومی ہیرو کا شاندار استقبال
پاکستان زندہ باد کے نعروں میں قومی ہیرو کا شاندار استقبال
پاکستان زندہ باد کے نعروں میں قومی ہیرو کا شاندار استقبال
پاکستان زندہ باد کے نعروں میں قومی ہیرو کا شاندار استقبال
پاکستان زندہ باد کے نعروں میں قومی ہیرو کا شاندار استقبال

لاہور‘ پیرس (سپورٹس رپورٹر + خصوصی نامہ نگار + نمائندگان + صاحبزادہ عتیق سے) قوم کے ہیرو پیرس اولمپکس میں عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے۔ عوام کا جم غفیر اپنے قومی ہیرو کا استقبال کرنے کیلئے لاہور ایئرپورٹ پر پہنچا۔ ارشد ندیم کے جہاز کو واٹر کینن سیلوٹ پیش کیا گیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ، چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، خواجہ سعد رفیق نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور پر پاکستان کے قومی ہیرو ارشد ندیم کا شایان شان استقبال کیا۔ ارشد ندیم کے لاہور ایئرپورٹ پر استقبال کیلئے اے ایس ایف کو 50 سے زائد مہمانوں کی فہرست موصول ہوئی تھی جس کے باعث سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، پولیس کے ساتھ رینجرز نے بھی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم پیرس سے براستہ استنبول لاہور پہنچے، قومی ہیرو کے جہاز نے رات ڈیڑھ بجے لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کیا، عوام قومی ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے تاب تھی۔ ارشد ندیم کے فقید المثال استقبال کیا گیا۔ فخر پاکستان ارشد ندیم کے چاہنے والوں نے اپنے ہیرو پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے، ایئرپورٹ ’’ارشد ندیم زندہ باد، پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونجتا رہا۔ وزیر کھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر ، سپورٹس بورڈ کے اعلیٰ حکام بھی ایئرپورٹ پر استقبال کیلئے پہنچے، ارشد ندیم کے استقبال کیلئے ان کے اہل خانہ بھی گاؤں سے لاہور پہنچے۔ اہلخانہ میں والد، والدہ، بہنیں، بھائی اور بچے شامل تھے، گاؤں سے کافی تعداد میں لوگ بھی ان کے ہمراہ آئے۔ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے یوتھ فیسٹول کرائے جس میں حصہ لیا اور وہاں سے گیم کا آغاز کیا میں انہی کا لگایا ہوا پودا ہوں۔ اپنی کامیابی پر گفتگو میں کہا تھا کہ کئی سال بعد پاکستان کو خوشی ملی، میری جیت پر نیرج بھی خوش ہے، 90 میٹر سے اوپر تھرو پھینکی تو یقین ہو گیا پاکستان گولڈ میڈل جیت گیا، آئندہ بھی ملک کا نام روشن کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھوں گا۔ دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو اولمپکس میں ریکارڈ کارکردگی پر ہلال امتیاز عطا کرنے کی ہدایت دے دی۔ صدر مملکت ارشد ندیم کو کھیل کے میدان نمایاں خدمات کے اعتراف میں خصوصی تقریب میں سول ایوارڈ عطا کریں گے۔ صدر مملکت کی ہدایت پر ایوانِ صدر نے ارشد ندیم کو سول ایوارڈ عطا کرنے کیلئے کابینہ ڈویژن کو خط ارسال کر دیا، صدر مملکت  نے کہا کہ ارشد ندیم نے بہترین کارکردگی سے کھیل کے میدان میں قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ ارشد ندیم کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی قوم کیلئے فخر کا باعث بنی، خط  میں کہا گیا ہے کہ ارشد ندیم نے ایتھلیٹکس کے میدان میں ملک کا نام روشن کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ملک کے77ویں یوم آزادی کے موقع پر ’’عزم استحکام‘‘ کے عنوان سے خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کر دیا گیا۔ ڈاک ٹکٹ پر پاکستان کے جیولین تھرور ارشد ندیم کی تصویر لگا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اولمپکس میں ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے پر خوش، (کل) پیر  کو ورلڈ یوتھ ڈے بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس حوالے سے نیشنل یوتھ پالیسی کا اعلان بھی کیا جائے گا۔ منفرد تقریب کے لئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے انچارج رانا مشہود کو ذمہ داری سونپ دی گئی۔ اولمپئن گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی بھی خصوصی تقریب میں شرکت متوقع ہے۔ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں کھلاڑیوں اور نوجوانوں کو جاب آفرز کے لئے سٹال بھی لگائیں گی۔ دریں اثناء پنجاب اسمبلی میں پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد جمع کرا دی گئی۔ پنجاب اسمبلی میں قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ علاوہ ازیں ارشد ندیم نے کہا ہے کہ حکومت سہولیات دے رہی ہے مگر میں چاہتا ہوں کہ ایک مناسب اتھلیٹکس سٹیڈیم بنایا جائے جہاں کھیلوں کے فروغ کیلئے مسلسل کام ہوتا رہے۔ ایک انٹرویو میں ارشد ندیم نے کہا کہ اگر نیراج چوپڑا جیت جاتا تو بھی مجھے خوشی ہوتی کیونکہ جنوبی ایشیا میں ہم دو کھلاڑی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت سہولیات دے رہی ہے لیکن میں چاہتا ہوں کہ پاکستان میں ایک مناسب اتھلیٹکس سٹیڈیم بنایا جائے۔ میں بہت خوش ہوں کہ میں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ میں امید کرتا ہوں کہ ہمارے نوجوان مجھے دیکھ کر اس کھیل میں آئیں گے اور آگے بڑھیں گے۔ حکومت کھیلوں پر توجہ مرکوز کرے تاکہ اگر تمام کھلاڑیوں کو اچھی سہولیات دی جائیں۔ میری واپڈا، لیسکو میں نوکری ہے اور میں واپڈا، واپڈا سپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ دریں اثناء سفارت خانہ پاکستان پیرس فرانس نے ارشد ندیم کی شاندار کامیابی کو منانے اور پیرس اولمپکس 2024ء میں ان کی شاندار کامیابی کے اعزاز میں گزشتہ روز سفارت خانے میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔ کمیونٹی کے جوش کو مدنظر رکھتے ہوئے  سفارتخانہ پاکستان پیرس نے ارشد ندیم سے ملاقات کے لئے  سفارتخانہ کے دروازے کھول دیئے، دعوت عام کی وجہ سے فرانس میں مقیم پاکستانیوں نے  اپنی فیمیلیز کے ساتھ پورے جوش و خروش سے  شرکت کی۔ 

مزیدخبریں