گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )ریجنل پولیس گوجرانوالہ کے زیر اہتمام قائداعظم ڈویژنل پبلک سکول آڈیٹوریم ہال میں پولیس افسران کی روحانی اور اخلاقی تربیت کے لئے پروگرام بعنوان '' اسلامی معاشرہ میں پولیس کی ذمہ داریاں '' کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں مذہبی سکالر پیرزادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی،ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ،کمشنر نوید حیدر شیرازی، صدر بار عامر منیر باگڑی،سول سوسائٹی، اور ریجن بھر کے پولیس افسران و جوانوں کی کثیر تعداد میں شرکت۔ پیرزادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی نے پولیس افسران اور نوجوانوں کو اسلامی معاشرے میں پولیس کی ذمہ داریوں اور فرائض کے متعلق روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اچھا اخلاق، لہجے میں شائستگی اور چہرے پر مسکراہٹ انسان کے دل میں گھر کرنے کے لیے عمدہ اعمال ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے حوالے سے پنجاب پولیس کے اہلکاروں کی اپنے اپنے عہدے کے اعتبار سے مختلف ذمہ داریاں ہیں جن کو پورا کرنا ان پر لازم ہے اور روز قیامت ان ذمہ داریوں کی ادائیگی کے متعلق سوال کیا جائے گا۔کمشنر نوید حیدرشیرازی نے پروگرام کو سراہااور کہا کہ مزید ایسے پروگرام ہونے چاہیے تاکہ ہم مزید بہتری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکے اور کہا کہ اگر ہم رسول اکرم(ص)کی تعلیمات اور سنت پر عمل پیرا ہوجائے تو معاشرہ امن کا گہوارہ بن جائیگا۔آخر میں آر پی او طیب حفیظ چیمہ کہا کہ لوگوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت میں اگر اللہ کی رضا اور خوشنودی شامل ہو جائے تو وہ عبادت بن جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فورس کی روحانی اور اخلاقی تربیت کو مد نظر رکھتے ہوئے اس طرح کے پروگرام کا اہتمام کیا جاتا رہے گا۔