مریدکے: تحصیل ہسپتال میں نعشوں کی بے حرمتی ‘ شہریوں کا احتجاج 

Aug 11, 2024

مریدکے(نامہ نگار) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں انسانوں کی تذلیل کے بعد نعشوں کی بے حرمتی بھی ہونے لگی۔ مردہ خانہ میں خاتون کی نعش پڑی پڑی پھٹ گئی۔ لواحقین نے روڈ بلاک کر کے ہسپتال انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اور ایم ایس کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق تقریباً 30/32 گھنٹے قبل گوجرانوالہ کی رہائشی پانچ بچوں کی ماں 35 سالہ شکیلہ بی بی کو بھیانوالہ میں مبینہ طور پر بوٹا نامی شخص نے اغواء کے بعد تشدد اور زہر دے کر مار ڈالا اور نعش چھپانے کی کوشش کی تاہم پولیس کی بروقت اور موثر تفتیش سے ملزم کو پکڑ کر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ جب مقتولہ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہسپتال کے مردہ خانہ میں شفٹ کیا تو لیڈی ڈاکٹر کا ملنا محال ہوگیا۔ 24 گھنٹے نعش مردہ خانہ میں پڑی پڑی پھٹ گئی لیکن انتظامیہ کے کانوں تک جوں نہ رینگی جس پر لواحقین نے جی ٹی روڈ بلاک کر کے انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ایم ایس کی معطلی کا مطالبہ کردیا۔ بعد ازاں پولیس کی مداخلت پر ٹی ایچ کیو ہسپتال کی انتظامیہ نے پوسٹ مارٹم کر کے نعش لواحقین کے حوالے کر دی۔

مزیدخبریں