اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم پر کوئی ود ہولڈنگ ٹیکس نہیں لگے گا اور قومی ہیرو ارشد ندیم کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔ ترجمان ایف بی آر بختیار محمد نے کہا کہ ارشد ندیم کوملنے والی انعامی رقم پرکوئی ٹیکس نہیں لگے گا۔ ارشد ندیم کو ملنے والے انعامات پر انکم یا ود ہولڈنگ ٹیکس کا اطلاق نہیں ہوتا اور انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 156 میں اولمپکس انعامات پر ٹیکس کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن156 میں صرف لاٹری، انعامی بانڈز، کوئز اور کمپنیوں کی جانب سے مارکیٹنگ کیلئے کرائی جانے والی انعامی سکیموں کے انعامات پر ود ہولڈنگ ٹیکس کا ذکر ہے۔ اولمپیئن ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں، ان کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔