کراچی (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام آئی پی پیز کو مبارک ہو جماعت اسلامی کا دھرنا کامیاب ہوگیا اور بجلی مہنگی ہوگئی ہے۔ کراچی پاکستان کو چلانے اور استحکام کی 75 سال سے ذمہ داری لیا ہوا ہے۔ پاکستان کے بجٹ کا 75 فیصد کراچی دیتا ہے۔ کراچی چلتا ہے تو ملک پلتا ہے، کراچی کے ٹیکس سے اسلام آباد بھی آباد ہے۔ دین کے نام پر بنائے گئے ملک کو چلانے اور استحکام کے لیے کراچی کھڑا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کو منڈی بنا دیا گیا، اس ملک میں جو پنپتے ہیں وہ پلٹ کر دیکھتے ہیں، ایم کیوایم آج درخت لگا رہی تو کل کہیں ایسا نہ ہو کہ اس کو بھی ریاست کے اندر ریاست سمجھ لیا جائے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہندوستان اُجڑا تو پاکستان بنا، کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ کراچی اُجڑے گا تو دوسرے شہر آباد ہوں گے۔ سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ عمران خان کو کسی سے مذاکرات قابل قبول نہیں نہیں، ملک کے مسائل کا حل مذاکرات ہیں۔