اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں:مریم نواز

Aug 11, 2024 | 17:53

ویب ڈیسک

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اقلیتوں کے دن پر کہا ہے کہ ”اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں“۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منیارٹی ڈے کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ منیارٹی سے تعلق رکھنے والے پنجاب کے ہر بھائی اور بہن کو سلام پیش کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے ہر شہری کو مسجد، مندر یا کسی عبادت گاہ میں جانے کے لئے آزاد قرار دیا تھا، مساوت، رواداری اور برداشت جمہوریت کی بہترین تعریف ہے۔مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں مذہب، ذات اور مسلک سے بالاتر ہر شہری برابر ہے. سب ایک ہی گلدستے کے خوش رنگ اور خوش نما پھول ہیں. پاکستان سب کا ہے اور سب کے لئے جنت ارضی کے مترادف ہے۔انکا کہنا تھا کہ قائداعظم ؒ کے ویژن کے مطابق پنجاب میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، اقلیتی برادریوں کے تمام بھائی اور بہنوں کو تعلیم اور روزگار کے مساوی مواقع میسر ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پہلی تقریر کے روڈ میپ میں اقلیتوں کو سر کا تاج قرار دیا. ایسٹر پر مریم آباد کے چرچ میں مسیحی برادری سے مل کر ایسٹر کا تہوار منایا گیا.پہلی مرتبہ ایسٹر پر 10ہزار مسیحی خاندانوں کو عیدی دی۔انہوں نے کہا کہ وساکھی پر کرتاپور جا کر گندم کاٹی اور سنگت کا لنگر کھایا. پنجاب کو دنیا بھر میں سکھ آنند کارج میرج ایکٹ نافذ کرنے والا پہلا صوبہ ہونے کا اعزاز ہے.مریم نواز نے کہا کہ ہندو میرج ایکٹ اور کرسچن پرسنل لاز پر کام جاری ہے، جلد اسمبلی میں لائیں گے. پہلی مرتبہ اقلیتی برادری کے لئے پنجاب میں 2ارب 85کروڑ روپے کا ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا. اقلیتی نوجوانوں کے لئے سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں خصوصی کوٹہ یقینی بنا جارہا ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ فیصل آباد مسیحی سینٹری ورکر کی ہلاکت پر مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کے ہمراہ افسوس کے لئے گھر پہنچے.سی ایم آفس سمیت تمام سرکاری دفاتر میں متعدد مسیحی افسران اور اہلکار محنت سے کام کررہے ہیں۔

مزیدخبریں