ممتاز علمائے کرام کی امام مسجد نبوی سے ملاقات

Aug 11, 2024 | 17:59

ویب ڈیسک

امام مسجد نبوی شیخ صلاح البدیر سے پاکستان کے ممتاز علماء کرام اور وفاق المدارس العربیہ کے قائدین نے خصوصی ملاقات کی۔ امام مسجد نبوی نے دینی مدارس اور وفاق المدارس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔امام حرم مدنی نے علماء کرام کی خدمات کو سراہتے ہوئے قرآن و سنت کی تعلیم کو عام کرنے اور خاص طور پر نوجوانوں کو دین کی طرف راغب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین کی طرف سے امام مسجد نبوی کی پاکستان آمد کو پاکستانی مسلمانوں کے لیے اعزاز قرار دیا گیا۔علماء کرام نے ائمہ حرمین سے پاکستانی عوام کی عقیدت و محبت کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور ان کی آمد کو پاکستان اور سعودی دوستی کو مزید مستحکم کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر جیسے امہ کے مسائل حل کرنے کے لیے سعودی عرب قائدانہ کردار ادا کرے، وفاق المدارس کے قائدین کی طرف سے امام مسجد نبوی کو تحائف بھی پیش کیے گئے۔ملاقات میں وفاق المدارس کے سینئر نائب صدر شیخ الحدیث مولانا انوار الحق مہتمم جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک، ناظم اعلی وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری شیخ الحدیث و رئیس جامعہ خیرالمدارس ملتان، ناظم پنجاب مولانا قاضی عبد الرشید مدیر دارالعوم فاروقیہ راولپنڈی، ناظم دارلعلوم کراچی مولانا راحت علی ہاشمی، مدیر جامعہ محمدیہ مولانا ظہور احمد علوی، مولانا سلمان الحق، مولانامحمد انس عادل، مولانا احمد حنیف جالندھری، ترجمان وفاق المدارس مولانا عبدالقدوس محمدی، مولانا مفتی عبدالسلام، مولانا محمد قاسم  و دیگر شامل تھے۔اس موقع پر ناظم اعلیٰ وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری نے برصغیر میں قرآن وسنت کی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے دینی مدارس کی خدمات کا تفصیلی تذکرہ کیا. جسے امام حرم نے سراہتے ہوئےکہا کہ وہ علماء کرام، دینی مدارس اور وفاق المدارس کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔امام مسجد نبوی نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ دینی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں.خاص طور پر نوجوانوں کو نرمی اور محبت سے دین کی طرف لائیں۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے امام مسجد نبوی کو خوش آمدید کہا اور انہیں بتایا کہ پوری پاکستانی قوم ان کے لیے دیدہ و دل فرش راہ کیے ہوئے ہے۔

مزیدخبریں