پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق، ترقی اور بااختیار بنانے کے بنیادی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، ترقی اور بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق، ترقی اور بااختیار بنانے کے بنیادی اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے. پیپلز پارٹی کی اقلیتوں کے حقوق کے لیے طویل جدوجہد کی ہے۔چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ 1973ع کا متفقہ آئین قائد عوام شہیدبھٹو کی سیاسی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے. 1973 کا آئین تمام شہریوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادیوں اور تحفظ کی ضمانت دیتا ہے. میری والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستان کے لیے ایک خواب دیکھتی تھیں، میری والدہ کا خواب تھا کہ تمام مذاہب کے لوگ باہمی ہم آہنگی اور عزت و وقار کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کا دن قومی سطح پر منانے کی ابتدا صدر آصف علی زرداری نے اپنے پہلے دورِ صدارت میں کی، اقلیتوں کا قومی دن منانے کا مقصد قومی زندگی میں اقلیتوں کے اہم کردار کو تسلیم کرنا تھا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ اقلیتوں کا قومی دن منانے کا مقصد معاشرے میں رواداری و ہم آہنگی کو فروغ دینا بھی تھا، ہمارے ملک کی تنوع ہماری سب سے بڑی طاقت ہے. یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر شہری کو مساوی حقوق اور مواقع ملیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام پاکستانی آج اقلیتوں کے قومی دن پر امتیاز اور عدم برداشت کے خلاف جنگ میں متحد ہو جائیں، آئیے! ہم انصاف، مساوات اور رواداری کے اصولوں کو اپنا کر پاکستان کی تعمیر کے لیے تجدید کریں، ہم سب مل کر، ایک ایسا ملک بنا سکتے ہیں جہاں ہر فرد، مذہب یا نسل سے قطع نظر، ترقی کرے، ہم سب مل کر، ایک ایسا ملک بنا سکتے ہیں جہاں ہر فرد قوم کی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈال سکے۔